اچھرو تھر کی منفرد جھیلیں خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہیں۔ اچھرو تھر کا صحرا چولستان اور تھرپارکر کے بیچ میں منفرد شناخت رکھتا ہے۔
یہاں ریت کے ٹیلوں کے درمیان پانی کی بے شمار چھوٹی بڑی جھیلوں کا سلسلہ ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق ان جھیلوں کی تعداد 400 تک ہیں۔
یہ جھیلیں تین طرح کی ہیں۔ پہلی تازہ پانی کی جھیلیں ہیں جن میں کنال کا پانی آتا ہے۔ دوسری بارش کے پانی سے بننے والی جھیلیں ہیں اور آخر میں نمکین پانی کی جھیلیں ہیں۔
کہتے ہیں کہ پہلے یہاں ہاکڑہ دریا بہتا تھا۔ جب وہ خشک ہوا تو یہاں جھیلوں کے وسیع سلسلے وجود میں آگئے۔
اچھرو تھر کی 5 منفرد جھیلیں
تو جانتے ہیں اچھرو تھر کی چند مشہور جھیلوں کے بارے میں۔
1۔ بقار جھیل
بقار جھیل نارا کنال کی دم میں واقع ہے۔ اس کو چوٹیاری ڈیم بھی کہا جاتا ہے۔ یہ جھیل سانگھڑ شہر سے 23 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور اب ڈیم میں تبدیل کردی گئی ہے۔ اس جھیل میں پانی پہنچانے کے لئے دس دروازوں کا ایک ریگولیٹر لگا ہوا ہے۔
بقار جھیل میں مچھیرے بڑی تعداد میں نظر آتے ہیں۔ اس جھیل کی گہرائی 20 فٹ سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔ یہ جھیل 80 کلومیٹر کے رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔
2۔ بوتار جھیل
بوتار جھیل تک آنے کا راستہ صحرا سے ہوکر آتا ہے۔ یہ جھیل بھی ماہی گیروں کے روزگار کا ایک ذریعہ ہے۔ یہ جھیل 7 کلومیٹر لمبی اور ڈیڑھ کلومیٹر چوڑی ہے۔
بقارجھیل کی خوبصورتی میں اضافہ کنول کے پھول کرتے ہیں جو اپنے موسم میں ہر طرف نظر آتے ہیں۔ اس جھیل کے اطراف میں بھی بے شمار چھوٹی بڑی جھیلوں کے سلسلے نظر آتے ہیں۔
3۔ کلانکر جھیل
کلانکر جھیل سانگھڑ اور عمرکوٹ کے اضلاع میں پھیلی ہوئی ہے۔ کہتے ہیں کہ کلانکر جھیل سات جھیلوں کو ملا کر بنی ہے۔ کلانکر جھیل دریائے ہاکڑہ کی باقیات میں سے ایک ہے۔
یہ جھیل نیلے پانی سے بھرپور ہے۔ کلانکر جھیل کے چاروں اطراف میں بلند وبالا ریت کے ٹیلے ہیں۔ کلانکر جھیل 70 فٹ تک گہری ہے۔
4۔ برچھی جھیل
کلانکر جھیل کے قریب ہی گاوں کے پاس برچھی جھیل ہے جو کہ نیلے پانی سے بھرپور ہے۔ یہ ایک چھوٹی جھیل ہے لیکن اس کا نظارہ نہایت شاندار ہے۔
5۔ اچھرو تھر کی نمکین جھیلیں
اچھرو تھر میں کئی نمک کی جھیلیں ہیں جن میں سے مزدور نمک نکال کر بوریوں میں بھرتے ہیں۔ اس کے بعد یہ نمک مختلف شہروں میں بھیجا جاتا ہے۔ آس پاس کے لوگوں کی گزر بسر کا دارومدار نمک کی ان آٹھ جھیلوں پر ہوتا ہے۔
یہ محنت طلب کام ہے اور مزدور محدود وسائل میں یہ کام کرتے ہیں۔ پانی سے نمک نکالنے سے ہاتھ خشک اور سخت ہوجاتے ہیں۔
اچھرو تھر میں تیار ہونے والا نمک پورے پاکستان میں فروخت کے لئے جاتا ہے۔ بارش کے موسم میں ہزاروں سیاح یہاں آتے ہیں۔
تو یہ تھیں اچھرو تھر کی چند خوبصورت جھیلیں۔ اگر آپ بھی اچھرو تھر آئیں تو ان جھیلوں کا ضرور وزٹ کریں۔
