جامع مسجد دارالسلام کوہستان کے گاوں تھل میں واقع ہے۔ کہتے ہیں کہ یہ دیر کوہستان کی سب سے قدیم مسجد ہے۔
لکڑی سے بنی یہ صدیوں پرانی مسجد تعمیر کا ایک شاہکار ہے۔ مسجد مکمل طور پر لکڑی سے تیار شدہ ہے۔
ایک رائے کے مطابق یہ 19ویں صدی میں تعمیر ہوئی اور بعض کے مطابق یہ چارسو سال قدیم ہے۔ جس زمانے میں یہ نقش و نگار بنائے گئے تب یہ سارا کام کلہاڑی سے کیا گیا تھا۔
جامع مسجد دارالسلام کی دوبارہ تعمیر
1930 میں مسجد کا کچھ حصہ جل گیا اور 1935 میں دوبارہ تعمیر کیا گیا۔ مقامی افراد نے اس مسجد کی دوبارہ تعمیر کی جبکہ مسجد کا اکثر حصہ اب بھی پرانا ہے۔
مقامی لوگ بتاتے ہیں کہ مسجد کی تعمیر کے لئے درخت کے بڑے تنے وہ اپنے کندھوں پر اٹھا کر لائے تھے۔ مسجد کے نقش و نگار علاقائی فن تعمیر اور نقش نگاری کی عکاسی کرتے ہیں۔
مسجد سے اردگرد فصلوں اور دریا کا خوبصورت منظر دیکھنے کو ملتا ہے۔ یہ مسجد سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتی ہے اور اس کو دیکھے بغیر کمراٹ کا سفر ادھورا ہے۔
