مبارکی ٹاپ کا شمار کوہ سلیمان کے اہم راستوں میں ہوتا ہے۔ کوہ سلیمان میں کئی ٹھنڈی چوٹیاں اور وادیاں ہیں جن میں سے ایک مبارکی ٹاپ ہے جو کہ سطح سمندر سے 7400 فٹ بلند ہے۔ یہاں آنے کا بہترین وقت جون، جولائی اور اگست ہے جب یہاں کے منظر انتہائی دلفریب ہوتے ہیں۔ ان دنوں میں بادل بھی بہت خوبصورت منظر پیش کرتے ہیں۔
مبارکی ٹاپ میں بارش بھی روٹین میں ہوتی ہے۔ جبکہ سردیوں میں یہاں برف باری بھی ہوتی ہے اور یہاں آنے کا راستہ بھی نہایت خوبصورت ہے۔ بل کھاتی سڑکیں سفر کو دلچسپ بنادیتی ہیں۔ راستے میں پانی ذخیرہ کرنے کے لئے چھوٹے چھوٹے تالاب بنائے گئے ہیں۔ یہ تالاب ہمیں بڑی تعداد میں مختلف جگہوں پر نظر آتے ہیں۔
جانوروں کے ریوڑ بھی جگہ جگہ دکھائی دیتے ہیں۔ اس خوبصورت درے کے جنوب میں پنجاب میں کوہ سلیمان کی بلند ترین چوٹی یکبائی ٹاپ ہے۔ ٹی ڈی سی پی کا ریسٹ ایریا بھی یہاں بنا ہوا ہے۔ جبکہ کوئی ہوٹل یہاں نہیں ہے۔
مبارکی ٹاپ کا روٹ
رونگھن چیک پوسٹ سے مبارکی ٹاپ کا فاصلہ 33 کلومیٹر ہے۔ ٹاپ تک سڑک اب بن چکی ہے۔ پچھلے کچھ عرصے میں یہاں کے مقامی بائکر گروپس نے سیاحت کو فروغ دینے کے لئے کافی کوششیں کی ہیں۔
