چکوال میں بہت سی خوبصورت جھیلیں ہیں جو کہ دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔ چکوال کو پنجاب کا لیک ڈسٹرکٹ بھی کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ ان جھیلوں میں سے بیشتر پر اب ڈیم بن چکے ہیں۔
چکوال کی 7 ان دیکھی جھیلیں
آج ہم آپ کو چکوال ڈسٹرکٹ کی 7 خوبصورت جھیلوں کی سیر کروائیں گے۔
1۔ بن امیر خاتون جھیل
بن امیر خاتون جھیل ایک وسیع جھیل ہے جو کہ کوٹ راجہ جھیل سے 8 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ کہتے ہیں کہ امیر خاتون ایک افغان عورت تھیں جن کا گزر اس علاقے سے ہوا۔
انہوں نے یہاں قیام کیا اور ایک بن یعنی پانی کا ریزروائر تعمیر کروایا۔ اس وجہ سے اس جھیل اور علاقے کا نام بن امیر خاتون پڑگیا۔
2۔ سکی جھیل
سکی جھیل بشارت گاوں سے 7 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ یہ ایک مشہور اور پرکشش سیاحتی مقام ہے۔ سکی جھیل میں ایک آبشار بھی ہے جبکہ جھیل کے پانی کا رنگ اس کو مزید منفرد بنادیتا ہے۔
مین سڑک سے یہاں آنے کے لئے 3 کلومیٹر کا آف روڈ ٹریک کرنا پڑتا ہے۔
3۔ کوٹ راجہ جھیل
کوٹ راجہ جھیل چکوال شہر سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ یہاں پہلے ایک چھوٹی جھیل اور پانی کا چشمہ تھا جو 2001 میں ڈیم میں تبدیل ہوگیا۔
یہ مقام اپنے دلفریب نظاروں کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہاں مختلف اقسام کی مچھلیاں بھی پائی جاتی ہیں جبکہ سائبیریا سے آنے والے پرندے بھی یہاں قیام کرتے ہیں۔
4۔ سویک جھیل
سویک جھیل تحصیل کلرکہار میں واقع ہے۔ یہ جھیل کلرکہار سے 10 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور یہاں بھی ایک آبشار ہے۔ سویک جھیل اب ایک مشہور سیاحتی مقام ہے اور یہاں بھی سیاح بڑی تعداد میں آتے ہیں۔
5۔ کھائی جھیل
کھائی جھیل بھی وقت گزارنے کے لئے بہترین جگہ ہے۔ یہ جھیل چکوال شہر سے بالکل قریب ہے اور اب ایک ڈیم میں تبدیل ہوچکی ہے۔ یہ مقامی لوگوں کا پسندیدہ سیاحتی مقام بن چکا ہے۔
6۔ ڈھوک ٹالیاں جھیل
یہ ایک خوبصورت جھیل ہے جو کہ ڈھوک ٹالیاں گاوں میں واقع ہے۔ 2001 میں یہاں ڈیم تعمیر کردیا گیا جس میں بڑی تعداد میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
7۔ دھرابی جھیل
چکوال کے ایک چھوٹے گاوں دھرابی کے نام پر اس جھیل کا نام رکھا گیا۔ یہ بھی ایک ڈیم ہے جو کہ دھرابی جھیل سے پانی حاصل کرتا ہے۔ اس جھیل کا پانی آگے جاکر دریائے سندھ میں گرتا ہے۔
دھرابی جھیل اس علاقے میں انسانی ہاتھ سے بنی سب سے بڑی جھیل ہے۔ اس علاقے میں آنے کا بہترین وقت مون سون سیزن ہے جب یہاں پانی وافر مقدار میں ہوتا ہے۔
تو یہ تھیں صوبہ پنجاب کے چکوال ڈسٹرکٹ کی وہ چند جھیلیں جو کہ میں نے حال ہی میں وزٹ کیں اور کسی کو بھی یہاں ضرور جانا چائیے۔
