یکبائی ٹاپ کی شاندار خوبصورتی کی دریافت

یکبائی ٹاپ کا شمار کوہ سلیمان کی بلند ترین چوٹیوں میں ہوتا ہے۔ اس کی اونچائی سطح سمندر سے 7400 فٹ ہے۔ اس کو یکبائی یا ہک بائی دونوں بولا جاتا ہے۔ یکبائی ٹاپ جنوبی پنجاب کی ملکہ کوہسار فورٹ منرو سے 1000 فٹ بلند ہے۔ یہاں فورٹ منرو سے زیادہ خوبصورت نظارے موجود ہیں۔

ہم میں سے اکثر لوگ فورٹ منرو سے تو واقف ہیں مگر یہاں اور بھی مقامات ہیں جو کہ دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہی مقامات میں سے ایک یکبائی ٹاپ ہے۔ یہاں فورٹ منرو کے مقابلے میں درجہ حرارت کم ہوتا ہے اور بارشیں زیادہ ہوتی ہیں۔

یکبائی ٹاپ سے پنجاب اور بلوچستان دونوں کو دیکھنا ممکن ہے۔ پہاڑ کی چوٹی سے دوسری طرف کے نظارے بھی انتہائی مسحورکن ہیں۔

یکبائی اور مست توکلی

یکبائی اس جگہ کو کہتے ہیں جہاں ہر وقت خطرہ موجود ہو۔ جب یہاں کوئی آبادی نہ تھی تب بلوچ شاعر مست توکلی نے یہاں ایک چار دیواری بناکر دو ماہ یا چالیس دن قیام کیا۔ کچھ عرصہ بعد لوگوں کا خوف دور ہوا تو یہاں آمدورفت شروع ہوئی۔

مست توکلی مشرقی بلوچستان کے دوروں کے دوران یہاں قیام کرتا تھا۔ یہ جگہ اب "بیت مست توکلی” کے نام سے مشہور ہے۔ یہاں زیادہ تر لغاری قبیلے کے لوگ آباد ہیں۔ مست توکلی کی بیٹھک کا شمار بلوچ شعراء کی پسندیدہ ترین جگہوں میں ہوتا ہے۔ یہ جگہ بلوچ شاعروں کی ملکیت ہے۔

یکبائی میں بڈنر کے درختوں کا جنگل بھی ہے۔ جب ان پر دھوپ پڑتی ہے تو ان کی چمک دیدنی ہوتی ہے۔ درختوں کا یہ سلسلہ زیڈ شیپ کی طرح ہے۔

کہتے ہیں کہ یہاں قدرتی جھیلیں، ندیاں اور جنگلی پھولوں کے پودے موجود ہیں۔ یہاں تک آنے کے لئے بہترین سڑک بن چکی ہے۔ بل کھاتی سڑکیں منظر کو مزید دلفریب بنادیتی ہیں۔ راستے میں آپ کو اونٹ اور دیگر جانور نظر آتے ہیں۔

یکبائی ٹاپ کا راستہ

میں رونگھن کے راستے یکبائی ٹاپ گیا تھا۔ رونگھن چیک پوسٹ سے ٹاپ تک کا فاصلہ 25 کلومیٹر ہے۔ جبکہ یہاں سے ایک راستہ فورٹ منرو کی طرف بھی جاتا ہے جو کہ انتہائی خوبصورت ہے۔ ٹی ڈی سی پی کا ایک ریسٹ ایریا بھی یہاں بنایا گیا ہے جو کہ یہاں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اچھا اقدام ہے۔

اگر آپ اپنا وقت اچھا گزارنا چاہتے ہیں تو ایک دفعہ ضرور یکبائی ٹاپ تک جائیں۔

جواب دیں

Your email address will not be published.

You may use these <abbr title="HyperText Markup Language">html</abbr> tags and attributes: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>

*