وادی کمراٹ کوہستان کی خوبصورت ترین وادیوں میں سے ایک ہے۔ پہلے یہ گمنام علاقہ تھا مگر اب یہاں سیاحت بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے۔
یہاں کی اصل خوبصورتی یہاں کے جنگلات ہیں۔ جبکہ دریائے پنجکوڑہ بھی اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتا ہے۔
وادی کمراٹ اور یہاں کی خوبصورتی
کمراٹ مقامی زبان گاوری کے دو الفاظ کوئی اور باٹ کا مجموعہ ہے۔ کوئی کے معنی وادی یا درہ ہے اور باٹ پتھر کو کہتے ہیں۔ اس وادی میں بڑے بڑے پتھر پائے جاتے ہیں۔
اس حسین وادی کے پہاڑوں میں قیمتی و نایاب جانور بھی موجود ہیں۔ جبکہ کئی بلند و بالا آبشاریں بھی اس حسین وادی کا حصہ ہیں۔
اس علاقے کو شہرت 2016 میں سابق وزیراعظم عمران خان کے دورے کے بعد حاصل ہوئی۔
ہندوکش کے پہاڑوں کے دامن میں واقع یہ وادی تھل سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ قدرتی ماحول سے محبت رکھنے والے افراد کے لئے کمراٹ کی وادی ایک بہترین پیکج ہے۔
