چکوال کے منفرد مقامات میں سے ایک چکوال کینینز ہیں۔ چکوال پنجاب کا ایک ایسا علاقہ ہے جس کے منفرد نظارے آپ کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔
اس ڈسٹرکٹ میں آپ کو جھیلیں ملیں گی، تاریخ، قلعے اور اللہ کی قدرت کا بھرپور نظارہ بھی دیکھنے کو ملے گا۔
چکوال کینینز قدرت کا شاہکار
انہی میں سے ایک علاقہ چکوال کیننز ہے جو کہ دھرابی ڈیم کے قریب ہے۔ اس پورے علاقے میں پہاڑ اپنی منفرد اور عجیب اشکال اختیار کرتے نظر آتے ہیں۔
اس جگہ پہنچ کر مجھے بلوچستان کی ساحلی پٹی یاد آئی جہاں ایسے ہی لینڈ سکیپ نظر آتے ہیں جن میں امید کی دیوی نمایاں ہے۔
اس طرح کے پیٹرن بارش اور ہوا کے کٹاو کے باعث بنتے ہیں۔ یہ پہاڑ چونے اور ریتلے پتھر کی طرح محسوس ہوتے ہیں۔ کچھ جگہوں پر یہ نوکیلے اور کچھ پر مختلف اشکال میں نظر آتے ہیں۔ یہ جگہ کسی فلم کے منظر سے کم نہیں۔
میرا دل چاہ رہا تھا کہ چکوال کیننر میں وقت گزرتا جائے اور واپس نہ جایا جائے۔ یہ قدرت کا ایک کھلا میوزیم ہے۔
پہاڑوں کی ایسی اشکال عموما سمندری علاقوں میں نظر آتی ہیں جو کہ سمندری ہواوں کے کٹاو کی وجہ سے عمل میں آتی ہیں۔ مگر یہاں قدرت کا ایسا انوکھا منظر حیران کردیتا ہے۔
کچھ عرصہ پہلے چکوال کینینز میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے جیپ ٹریک بھی بنایا گیا تھا۔ یہ جگہ لوگوں کی ذاتی ملکیت ہے مگر کسی کے لئے بھی وزٹ کے لئے کھلی ہے۔
میں نے چکوال کینینز کو اپنی موٹر سائیکل پر گھوما اور اس کا مزہ الکل الگ تھا۔ اگر سیاحت کے فروغ کےلئے کوئی اقدامات کئے جائیں تو یہ ایک اچھا ٹورسٹ سپاٹ بن سکتا ہے۔
