وادی کمراٹ کوہستان کی خوبصورت ترین وادیوں میں سے ایک ہے۔ پچھلے کچھ عرصے سے اپنے منفرد نظاروں کی بدولت وادی کمراٹ پاکستان بھر میں مقبول ہوچکی ہے۔ وادی کمراٹ جنگلات، چشموں، ندیوں آبشاروں اور خوبصورت نظاروں سے بھرپور ہے۔
وادی کمراٹ کے معنیٰ
کمراٹ مقامی زبان گاوری کے دو الفاظ کوئی اور باٹ کا مجموعہ ہے۔ کوئی کے معنیٰ وادی یا درہ ہے اور باٹ پتھر کو کہتے ہیں۔ اس وادی میں بڑے بڑے پتھر پائے جاتے ہیں۔
وادی کمراٹ کے پہاڑوں میں قیمتی و نایاب جانور بھی پائے جاتے ہیں۔ ہندوکش کے پہاڑؤں کے دامن میں واقع وادی کمراٹ تھل سے تقریبا ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ پہلے یہ گمنام علاقہ تھا۔ اس علاقے کو شہرت 2016 میں وزیراعظم عمران خان کے دورے کے بعد حاصل ہوئی۔
عمران خان نے کہا تھا کہ میں پوری دنیا گھوما ہوں لیکن جو حسن اس وادی میں ملا ہے وہ کہیں نہیں ملا۔ اب یہاں سیاحت بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔
وادی کمراٹ کا شمار پاکستان کے پرکشش مقامات میں ہوتا ہے۔ اس علاقے میں ہلکی ٹھنڈ عام ہے۔ جبکہ یہ علاقہ گھاس کے میدانوں، برف سے ڈھکے پہاڑوں اور جنگلات سے گھرا ہوا ہے۔
وادی کمراٹ کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے مقامات میں کمراٹ جنگل، کمراٹ آبشار، کالا چشمہ، دوجنگہ اور جاز بانڈہ شامل ہیں۔
وادی کمراٹ کی خاص باتیں
تو جانتے ہیں وادی کمراٹ کے خاص علاقوں کے بارے میں۔
1۔ کمراٹ جنگل
وادی کمراٹ کی اصل خوبصورتی یہاں کے جنگلات ہیں۔ جبکہ ہندوکش کے پہاڑوں سے نکلنے والے دریائے پنجکوڑہ کمراٹ کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتا ہے۔ دریا کے دونوں طرف خوبصورت چراگاہیں، جھیلیں، گلیشیئر، آبشاریں اور گھنے جنگلات ہیں۔
کمراٹ میں داخل ہوتے ہی سب سے پہلے ہم اس کے جنگل سے گزرتے ہیں۔ یہ جنگل کمراٹ کے آخر تک ٹریک کے ساتھ ساتھ چلتا ہے۔ یہاں کے نظارے انتہائی مسحور کن ہیں جبکہ سارا ٹریک پتھریلا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق ان جنگلات میں قیمتی جڑی بوٹیاں بھی پائی جاتی ہیں۔
2۔ کمراٹ آبشار
وادی کمراٹ کی یہ آبشار سیاحوں میں بہت مقبول ہے۔ اس کا اصل نام کوٹگال آبشار ہے۔ جبکہ آبشار پر جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا دورہ کرنے پر اس کو سراج آبشار کا نام دیا گیا۔
کمراٹ آبشار میں سارا سال پانی رہتا ہے جبکہ سردی کے موسم میں یہ جم جاتی ہے۔ گرمی میں بھی اس آبشار کا پانی ٹھنڈا ہوتا ہے۔ یہاں بھی پانی کی بوتلیں چشمے کے پانی کے ٹھنڈی کی جاتی ہیں۔
3۔ کالا چشمہ
کالا چشمہ کمراٹ کا ایک اہم مقام ہے۔ اس کو مقامی زبان میں "تورے اوبہ” کہتے ہیں۔ کالا چشمے پر پانی انتہائی ٹھنڈا اور صاف ہوتا ہے۔ جس جگہ سے یہ پانی نکتا ہے وہاں کائی جمع ہوجانے کی وجہ سے اس کو کالا چشمہ کہتے ہیں۔
مقامی افراد اسی پانی کو بطور دوا بھی پیتے ہیں۔ لوگوں کے مطابق یہ پانی بیماریوں کا راستہ روکتا ہے۔ کالا پانی اور اس کے اردگرد کے پہاڑ سلاجیت کے لئے بہت مشہور ہیں۔ جبکہ یہ سارا علاقہ ٹراوٹ مچھلی کے حوالے سے بھی مقبول ہے۔
4۔ جاز بانڈہ
اگر آپ وادی کمراٹ آئیں تو جاز بانڈہ اور کنڈ بانڈہ ضرور جائیں۔ یہ علاقہ کوہستان کی مشہور چراگاہوں میں شمار ہوتا ہے۔ جبکہ وادی کمراٹ کی سیاحت کے لئے آنے والوں کے لئے بھی یہ ایک بہترین آپشن ہے۔
جاز بانڈہ میں گھڑ سواری، کیمپنگ اور ٹریکنگ کی سہولت ہے۔ جبکہ کنڈ بانڈہ کا ناگن دریا بھی انتہائی مسحور کن ہے۔ اس کے علاوہ جاز بانڈہ کا اصل حسن کٹورا لیک ہے جو کہ تقریبا تین گھنٹے کی مسافت پر ہے۔
وادی کمراٹ آنے کے دو راستے ہیں۔ ایک راستہ کالام کے راستے بڈگوئی پاس کے ذریعہ ہے جبکہ دوسرا دیر کی طرف سے تھل کے راستے ہے۔
کمراٹ تک پہنچنے کا راستہ تھوڑا مشکل ہے لیکن یہاں آکر ساری تھکان دور ہوجاتی ہے۔ قدرتی ماحول سے محبت رکھنے والے افراد کے لئے وادی کمراٹ ایک بہترین پیکج ہے۔
میں نے یہاں اپنے سفر کے دوران لاہور سے تعلق رکھنے والی خاتون کے اس ہوٹل میں قیام کیا تھا۔ اسلام آباد سے وادی کمراٹ کا فاصلہ 384 کلومیٹر ہے۔
