کوہ سلیمان کی گربن آبشار کافی بلند ہے۔ اس آبشار کا پانی جب نیچے گرتا ہے تو مختلف تالاب بن جاتے ہیں۔
گربن آبشار کا پانی دور دور تک کے علاقے کو سیراب کرتا ہے۔ یہاں چھوٹی چھوٹی آبشاروں کے مختلف سلسلے ہیں جو کہ ماحول کو سحر انگیز بنادیتی ہیں۔
عموما ہم قدرت کے خوبصورت نظارے دیکھنے کے لئے شمالی علاقہ جات کا رخ کرتے ہیں۔
مگر جنوبی پنجاب کے پہاڑی سلسلے کوہ سلیمان میں ایسی منفرد آبشاریں ہیں جو اپنی مثال آپ ہیں۔ انہی میں سے ایک گربن آبشار ہے۔
کوہ سلیمان مین سڑک سے خشک پہاڑی سلسلہ دکھائی دیتا ہے۔ مگر ان پہاڑوں کے درمیان ایسے علاقے ہیں جہاں قدرتی چشمے، کھجوروں کے باغات اور کھیت ہیں۔ گربن کے علاقے کا شمار بھی انہی میں ہوتا ہے۔
گربن کا ہر مقام ایک دوسرے سے منفرد ہے اور یہ تفریح کے لئے عمدہ مقام ہے۔ علاقے کے لوگ سادہ اور تعاون کرنے والے ہیں۔ یہاں پر پانی مختلف مراحل اور رنگوں میں بہتا ہے۔
یہ جگہ ایک نخلستان کا روپ پیش کرتی ہے۔ گربن میں مختلف ڈیزائن اور رنگوں کے پتھر بھی ہمیں دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ایک ہی جگہ پر ایسے پتھر حیران کن ہیں۔
گربن آبشار تک پہنچنے کا راستہ
آبشار کے قریب ہی ایک عجیب سا بڑی ساخت کا پتھر نظر آتا ہے جس کو مقامی لوگ جنوں والا پتھر کہتے ہیں۔ پارکنگ کے مقام سے آبشار تک تھوڑا پیدل چلنا پڑتا ہے۔
وادی گربن تونسہ سے 35 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ اگر ان آبشاروں کو پروموٹ کیا جائے تو اس جگہ کو ایک اچھے ٹورسٹ سپاٹ میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔



